شارجہ: اماراتی محقق سعید مصباح الکتبی کا انکشاف — چار بیویاں اور 100 بچے

شارجہ: اماراتی محقق سعید مصباح الکتبی کا انکشاف — چار بیویاں اور 100 بچے

شارجہ میں منعقدہ ایک ادبی فیسٹیول اس وقت سب کی توجہ کا مرکز بن گیا جب متحدہ عرب امارات کے معروف ثقافتی محقق سعید مصباح الکتبی نے اسٹیج پر اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے حیران کن انکشافات کیے۔

’گلف نیوز‘ کے مطابق الکتبی نے بتایا کہ ان کی چار بیویاں اور 100 بچے ہیں۔ ان کی تقریر کی ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جسے لاکھوں افراد نے دیکھ کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ کئی صارفین نے ان کی صحت، خاندانی روایت اور ثقافتی ورثے سے جڑے رہنے کے عزم کو سراہا۔اپنے خطاب میں سعید مصباح الکتبی نے کہا کہ ان کی سب سے بڑی خواہش ہے کہ وہ اپنی اولاد کو اماراتی اقدار اور روایات سے روشناس کرائیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کو خصوصی طور پر ’السنع‘ کی تعلیم دیتے ہیں، جس میں بڑوں کا احترام، مہمان نوازی، عاجزی، ایمانداری اور خاندانی ذمہ داری شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی اولاد کو عربی زبان، اماراتی لباس اور روایتی سلام کے تحفظ کی تعلیم بھی دیتے ہیں تاکہ نئی نسل اپنی ثقافت کو فراموش نہ کرے۔اگرچہ الکتبی نے اپنی بیویوں اور بچوں کی عمر یا روزمرہ زندگی کے بارے میں تفصیل بیان نہیں کی، لیکن ان کے اس انکشاف نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ کئی لوگ انہیں اماراتی اقدار کے محافظ کے طور پر دیکھ رہے ہیں جبکہ کچھ نے اتنے بڑے خاندان کی عملی زندگی پر سوالات بھی اٹھائے ہیں۔