چارلی نے نوجوانوں کو کامیابی کاراستہ دکھایا، حق بات پر قتل کیا گیا،صدر ٹرمپ
ایریزونا(آئی این پی )امریکا میں قتل کئے گئے چارلی کرک کی بیوہ نے مبینہ قاتل کو معاف کردیا جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ چارلی کرک نے نوجوانوں کو کامیابی کا راستہ دکھایا،انہیں، حق بات پر قتل کیا گیا۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق چارلی کرک کی یاد میں ایریزونا ایک تعزیتی اجتماع منعقد کیا گیا جس میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں غم سے نڈھال ان کی بیوہ ایریکا کرک نے سب کو اشکبار کردیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنے شوہر کے مبینہ قاتل کو معاف کرتی ہیں۔ایریکا نے کہا، میں نہیں جانتی کہ چارلی کو کیوں قتل کیا گیا، مگر میں نے اس کے قاتل کو معاف کردیا ہے۔تقریب سے خطاب کے دوران ایریکا کرک اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور رو پڑیں۔تعزیتی اجتماع میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور چارلی کرک کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ چارلی کرک امریکا کا ہیرو ہے، اس کی اچانک موت نے سب کو افسردہ کیا۔ ہم غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ امریکی تاریخ میں چارلی کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا۔ٹرمپ نے کہا کہ چارلی نے نوجوانوں کے لئے عملی زندگی میں کامیابی کا راستہ دکھایا ۔