ملک میں مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 11.85 فیصد تک پہنچ گئی۔
وفاقی ادارۂ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 اشیاء سستی ہوئیں جبکہ 20 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ادارۂ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں 107 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی عرصے میں پیاز 72.81 فیصد اور بجلی کے چارجز 58.59 فیصد مہنگے ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر پیٹرول کی قیمت میں 44.17 فیصد، ڈیزل میں 41.56 فیصد، چکن میں 38.99 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 36.49 فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال میں ٹماٹر 71.72 فیصد، آلو 40.75 فیصد اور چینی 25 فیصد سستی ہوئی۔ہفتہ وار بنیادوں پر قیمتوں کا جائزہ لیا جائے تو ایل پی جی کی قیمت میں 22.44 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ چکن 12.20 فیصد اور پیاز 4.19 فیصد مہنگے ہوئے۔اس کے برعکس گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 21.99 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ پیٹرول بھی 3.63 فیصد سستا ہوا۔