ویب ڈیسک: بھارت کی ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں جیب میں رکھا موبائل فون اچانک پھٹنے کے باعث ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔
موبائل فون پھٹنے کے بعد موٹر سائیکل سے گرنے کے نتیجے میں نوجوان کے سر، سینے اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئیں، جن کے باعث وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ پیر کی شام ضلع مظفر نگر کے صدر مقام سے تقریباً 25 کلومیٹر دور بھوپا پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع گاؤں رحمت پور میں وہلنا چوک کے قریب پیش آیا۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت وکاس کے نام سے ہوئی ہے، جو اتم شوگر مل میں ٹوکن مین کے طور پر کام کرتا تھا۔رپورٹس کے مطابق وکاس اپنی موٹر سائیکل پر گھر واپس جا رہا تھا کہ اچانک اس کی شرٹ کی جیب میں رکھا موبائل فون زور دار آواز کے ساتھ پھٹ گیا۔ دھماکے کے باعث اس کا موٹر سائیکل پر توازن بگڑ گیا اور وہ سڑک پر گر پڑا۔ موبائل فون پھٹنے اور سڑک پر گرنے کے نتیجے میں اسے سر، سینے، ہاتھوں اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، جبکہ مقامی افراد کی مدد سے زخمی نوجوان کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
وکاس کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ڈاکٹروں نے اسے دوسرے ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا اور منگل کی شام علاج کے دوران دم توڑ گیا۔وکاس کے والد رویندر کے مطابق ان کا بیٹا اکلوتا تھا اور شادی شدہ زندگی گزار رہا تھا۔ اس کے دو بچے، چھ سالہ بیٹی درشٹی اور تین سالہ بیٹا ہیں۔والد نے بتایا کہ واقعے کے روز وکاس اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تھا۔ اس کے بچے اپنی والدہ کے ساتھ ماموں کے گھر گئے ہوئے تھے۔ وکاس انہیں وہاں چھوڑنے کے بعد شام کے وقت موٹر سائیکل پر واپس گھر آ رہا تھا کہ راستے میں یہ افسوسناک حادثہ پیش آگیا۔واقعے نے اہل خانہ کو گہرے صدمے سے دوچار کردیا، جبکہ دو کم عمر بچوں کے سر سے باپ کا سایہ اٹھ گیا۔