چین کے علاقے تبت میں 7 شدت کا زلزلہ

چین کے علاقے تبت میں 7 شدت کا زلزلہ

چین کے جنوب مغربی علاقے تبت میں 7.0 شدت کے شدید زلزلے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 65 زخمی ہوگئے، جبکہ سیکڑوں مکانات منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں۔

 زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں ہنگامی صورتِ حال نافذ کرتے ہوئے امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی رات آنے والے زلزلے کے شدید جھٹکوں نے تبت کے مختلف علاقوں کو متاثر کیا۔ زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں، جبکہ کئی مقامات پر چٹانیں گرنے سے سڑکیں بند ہوگئیں۔رپورٹس کے مطابق زلزلے سے ہونے والی تباہی کے بعد حکام نے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں تعینات کردیں۔ تاہم پہاڑی علاقوں میں سڑکوں کی بندش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث امدادی کارکنوں کو دور دراز اور بلند مقامات تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

12 ہزار 400 سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل

ریسکیو حکام کے مطابق زلزلے کے بعد 12 ہزار 400 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہونے کی اطلاعات ہیں، جس سے امدادی کارروائیوں اور معمولاتِ زندگی کی بحالی متاثر ہو رہی ہے۔امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں صورتِ حال کا جائزہ لے رہی ہیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

زلزلے کے بعد مزید جھٹکے ریکارڈ

امریکی جیولوجیکل سروے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے مرکز کے قریب سات جھٹکے ریکارڈ کیے گئے، جو پہاڑی علاقے میں محسوس ہوئے۔ ان میں سب سے شدید جھٹکے کی شدت 5.2 بتائی گئی، جو تقریباً 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔