پاکستان مکمل تیار اور اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے،سجاد حیدر خان

پاکستان مکمل تیار اور اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے،سجاد حیدر خان

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ امن اور سفارت کاری کی بات کی ہے، تاہم ملک اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے مکمل تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی آ رہی ہے، جو ملک کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ ہے۔اسلام آباد میں نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 1360 پاکستانی جان سے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل اور جنگوں کو سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے اور پاکستان نے کبھی افغانستان کے ساتھ سفارتی رابطوں پر شرمندگی محسوس نہیں کی۔سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا بھی جانتا ہے۔ ان کے مطابق افغانستان کے اندر دہشت گردوں کی موجودگی صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ چین، ازبکستان اور دیگر ممالک کے لیے بھی تشویش کا باعث ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدے سے متعلق طریقہ کار مکمل

ترجمان دفتر خارجہ نے مکہ دفاعی معاہدے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کی توسیع کے حوالے سے ہر ملک کا اپنا طریقہ کار ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب اپنا طریقہ کار مکمل کر چکے ہیں، جبکہ ترکیہ اپنی پارلیمنٹ کے ذریعے اس کی توسیع کا عمل آگے بڑھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دفاعی معاہدے کا جو مسودہ منظرعام پر آیا ہے، پاکستان اس کی حمایت کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری کا ایک اہم رکن ہے اور عالمی و علاقائی معاملات میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

امریکا کے ساتھ مذاکرات اور علاقائی سفارت کاری

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر اور ایران کے وزرائے خارجہ سے بھی رابطے کیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار آر فور اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچ چکے ہیں۔ آر فور اجلاس کے بعد آر فور پلس ای تھری اجلاس بھی ہوگا، جو اس فارمیٹ کا پہلا اجلاس ہوگا۔