سی ڈی اے کو آوارہ کتوں کی ویکسی نیشن کی ہدایت‘ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن وضاحت کیلئے ذاتی حیثیت میں طلب
اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرونے تحریری حکم نامہ جار ی کرتے ہوئے آوارہ کتوں کو مارنے پر متعلقہ ذمہ داروں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے سی ڈی اے کو آوارہ کتوں کی ویکسینیشن کی ہدایت کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ڈائریکٹر میونسپل ایڈمینسٹریشن کو آوارہ کتوں کو مارنے پر وضاحت کے لیے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے آوارہ کتوں سے متعلق 2020ء کی پالیسی پر عملدرآمد کا بھی حکم دیا۔ تحریری حکم نامے کے مطابق وکیل درخواست گزار نے کہا کہ حکام کے عدالت میں دیے گئے بیان کے مطابق کتوں کو پکڑنے اور ویکسینیشن پر 19 ہزار خرچ کیا جارہا ہے لیکن بیان کے برعکس تصاویر سے ثابت ہوتا ہے کہ کتوں کو مارا گیا، ہلاک کتے سی ڈی اے کی ملکیتی ٹرک میں پائے گئے۔