پاکستانی بیٹرز کا ہرشیت رانا کو کرارا جواب، مہنگی بولنگ کے بعد صفر پر آؤٹ

پاکستانی بیٹرز کا ہرشیت رانا کو کرارا جواب، مہنگی بولنگ کے بعد صفر پر آؤٹ

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی کی راہ ہموار کرلی۔

 میچ کے دوران پاکستانی بیٹرز اور بھارتی فاسٹ بولر ہرشیت رانا کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی دیکھنے میں آیا، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے جواب اپنی بیٹنگ اور بولنگ سے دیا۔پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز سے قبل 49.2 اوورز میں 313 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے 82 گیندوں پر 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ معاذ صداقت نے 63 گیندوں پر 59 جبکہ فرحان یوسف نے 48 گیندوں پر 56 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 313 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

 ہرشیت رانا کے 10 اوورز میں 77 رنز، دو وکٹیں
میچ کے آغاز میں پاکستانی اوپنرز شمائل حسین اور معاذ صداقت نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی بولرز پر دباؤ برقرار رکھا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 66 رنز کی شراکت قائم کی۔ شمائل حسین نے 23 گیندوں پر 33 رنز بنائے، جبکہ معاذ صداقت نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔اس دوران بھارتی فاسٹ بولر ہرشیت رانا اور پاکستانی بیٹرز کے درمیان گرما گرم جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ رانا نے شمائل حسین کو آؤٹ کرنے کے بعد جارحانہ انداز میں پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ بعد ازاں انہوں نے روہیل نذیر کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ہرشیت رانا نے اپنے 10 اوورز میں 77 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

 پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی، ہرشیت رانا صفر پر آؤٹ
314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت اے کی ٹیم 49.1 اوورز میں 265 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارتی کپتان تلک ورما نے 149 گیندوں پر 100 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جبکہ ابھیشیک شرما نے 42 گیندوں پر 70 رنز بنائے۔ شہباز احمد نے بھی 56 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی جانب سے حسن نواز اور علی رضا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عمران رندھاوا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہرشیت رانا پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور صرف دو گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ انہیں محمد عمران رندھاوا نے فرحان یوسف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

 پاکستان شاہینز کی سیمی فائنل کی جانب پیش قدمی
پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات کو بھی 61 رنز سے شکست دے چکی ہے۔پاکستان شاہینز اپنا اگلا گروپ میچ 24 نومبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔ بھارت اے کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔