خرطوم: سوڈان کی ریاست خرطوم کے علاقے کراری میں شہری مقامات کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملے کے نتیجے میں تین شہری ہلاک اور پانچ بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔
حملے کے دوران ایک مکان کی چھت گرنے اور دیواروں کو نقصان پہنچنے سے جانی نقصان ہوا۔خرطوم کے میڈیا آفس کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو الناؤ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں خرطوم کے گورنر احمد عثمان حمزہ نے ان کی عیادت کی۔ اس موقع پر وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل محمود البدری اور ہسپتال کے ڈائریکٹر جمال الطیب بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دھماکے سے مکان کی چھت اور دیواریں متاثر
حکام کے مطابق حملے میں زندہ بچ جانے والے افراد نے بتایا کہ ڈرون حملے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے سے ایک کمرے کی چھت گر گئی، جبکہ مکان کی دیواروں کو بھی نقصان پہنچا۔اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ پولیس نے ملبے کے نیچے سے ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں نکالیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
گورنر کی شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت
خرطوم کے گورنر احمد عثمان حمزہ نے شہریوں کو ان کے گھروں میں نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر اخلاقی عمل قرار دیا۔گورنر کا کہنا تھا کہ ملیشیا نے جنگ کے دوران شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی عیادت کے دوران ان کی خیریت دریافت کی اور طبی عملے سے علاج معالجے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
سوڈان میں 2023 سے خانہ جنگی جاری
واضح رہے کہ سوڈان 15 اپریل 2023 سے شدید مسلح تنازع کا شکار ہے۔ ملک میں باقاعدہ فوج اور نیم فوجی دستے ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان لڑائی اس وقت شروع ہوئی تھی جب آر ایس ایف کو سوڈانی فوج میں ضم کرنے کے معاملے پر دونوں فریقوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے تھے۔