بنغازی: لیبیا کے مشرقی شہر بنغازی میں بحری اڈے پر موجود روسی جنگی جہاز مرکری مبینہ سمندری ڈرون حملے میں شدید نقصان کے بعد الٹ کر جزوی طور پر سمندر میں ڈوب گیا۔
واقعے کے نتیجے میں روسی اور لیبیائی اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں معمولی نوعیت کے زخم آئے۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق روسی بحری جہاز بنغازی کے بحری اڈے پر ایندھن اور دیگر رسد حاصل کرنے کے لیے لنگر انداز تھا کہ اسے مشتبہ سمندری ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد جہاز پر زور دار دھماکا ہوا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے جہاز کو شدید نقصان پہنچایا۔لیبیا کے حکام کے مطابق جہاز میں لگنے والی آگ پر بعد ازاں قابو پالیا گیا، تاہم نقصان کی شدت کے باعث جنگی جہاز اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور الٹ کر سمندر میں جزوی طور پر ڈوب گیا۔
6 سمندری ڈرونز سے حملے کا دعویٰ
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملے میں مبینہ طور پر 6 سمندری ڈرون استعمال کیے گئے، جن میں سے 4 کو راستے میں روک لیا گیا، جبکہ 2 ڈرون روسی جنگی جہاز سے ٹکرا گئے۔ ان ٹکراؤ کے نتیجے میں جہاز کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں آگ لگ گئی۔واقعے کے بعد سامنے آنے والی سیٹلائٹ تصاویر میں بھی روسی جنگی جہاز کا بڑا حصہ الٹا ہوا اور پانی میں ڈوبا دکھائی دیا، جس سے جہاز کو پہنچنے والے نقصان کی شدت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
10 اہلکار زخمی، تحقیقات جاری
حکام کے مطابق حملے میں روسی اور لیبیائی اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 10 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تمام زخمیوں کو معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں۔واقعے کی وجوہات اور حملے میں ملوث عناصر کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ تاہم ابتدائی شواہد میں سمندری ڈرونز کے استعمال کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔