پی ٹی آئی کے 10 کارکنوں کو قید وجرمانے سزائیں

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپراکی عدالت نے9 مئی احتجاج کے حوالہ سے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمہ میں نامزدتمام پی ٹی آئی کارکنوں کو دہشتگردی دفعات میں بری جبکہ کارسرکارمیں مداخلت سمیت دیگر دفعات میں 10 کارکنوں کو مجموعی طور پر پانچ پانچ سال اور دس دس ماہ قید اور جرمانہ کی سزا کا حکم سناتے ہوئے 6 کارکنوں کو طلبی کے باوجود مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دیتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔گذشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے حاضرملزموں کی حاضری لگائی اور فیصلہ سنایا،بعدازاں عدالت نے 15 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا، جس میں کہاگیا کہ ضمانت پر رہا دس ملزمان حاضر جبکہ 6 کو اشتہاری قرار دیکر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے،پی ٹی آئی کے دس ملزمان کو مختلف دفعات میں مجموعی طور پر چار چار سال قید کی سزا سنائی گئی،ضمانت پر رہا ہونے والے ملزمان کو دفعہ 341 میں ایک ایک ماہ قید اور ایک ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا،دفعہ 186 میں ملزمان کو تین تین ماہ قید اور ایک ایک ہزار روپے جرمانہ،دفعہ 353 میں ملزموں کو دو دو سال قید اور بیس بیس ہزار روپے جرمانہ،دفعہ 188 میں ملزموں کو چھ چھ ماہ قید اور تین تین ہزار روپے جرمانہ،دفعہ 149 میں ملزمان کو تین تین سال قید اور بیس بیس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی ہے،اشتہاری قرار دیئے گئے چھ ملزمان کے ناقابل ضمانت دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے،فیصلہ میں یہ بھی کہاگیا کہ ملزموں کے خلاف دفعہ 382 اور 436 ثابت نہیں کی جا سکی،ملزمان کا تعلق ایک سیاسی پارٹی سے بتایا گیا لیکن شکایات میں ایسی کوئی بات نہیں لکھی گئی،ملزموں کو دہشتگردی سمیت دفعہ 382 اور 436 میں بری کیا جاتا ہے۔