ملک کے کسی بھی حصے میں فوجی آپریشن کی حمایت کی نہ کریں گے:حافظ حمداللہ

 بلوچستان میں فوجی آپریشن کا فیصلہ نیک شگون نہیں، طاقت کے بجائے سنجیدہ اور با عمل اقدامات کی ضرورت ہے
کوئٹہ ( آئی این پی ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں فوجی آپریشن کی حمایت کی ہے نہ کبھی کریں گے ، بلوچستان میں فوجی آپریشن کا فیصلہ نیک شگون نہیں، ماضی میں کیے گئے آپریشنوں کے نتائج درست ثابت نہیں ہوئے ، طاقت کا استعمال مسائل کے حل کے بجائے مسائل کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے ، طاقت کے بجائے سنجیدہ اور با عمل اقدامات کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جمعیت علما اسلام کے زیر اہتمام ضلع گجرات میں منعقدہ ختم نبوت و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے ضروری ہے کہ ہر ادارہ اپنے آئینی دائرہ اختیار میں رہ کر امور کی انجام دہی کرے، بدقسمتی سے حکومت اور انتظامیہ جرائم پیشہ عناصر پر ہاتھ ڈالنے کے بجائے ان کے خلاف آواز بلند کرنے والوں پر برس پڑتی ہیں جو قابل افسوس اور قابل مذمت ہیں۔