مبینہ فیصلہ امریکی عوام کی غیر ملکی جنگوں کو فنڈ دینے یا لڑنے کی خواہش کے خلاف ہے،مارجوری ٹیلر گرین
واشنگٹن(آئی این پی)ری پبلکن نمائندہ مارجوری ٹیلر گرین نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر بائیڈن عہدہ چھوڑنے سے قبل عالمی جنگ چھڑوانا چاہتے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی سیاستدان اور ری پبلکن کی نمائندہ مارجوری ٹیلر گرین نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن جنوری میں عہدہ چھوڑنے سے پہلے خطرناک طور پر عالمی جنگ شروع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جارجیا سے تعلق رکھنے والی قانون ساز نے ایکس پر لکھا کہ یہ مبینہ فیصلہ امریکی عوام کی غیر ملکی جنگوں کو فنڈ دینے یا لڑنے کی خواہش کے خلاف ہے۔ٹیلر گرین نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا فرسٹ کے پلیٹ فارم پر مہم چلائی اور دعویٰ کیا کہ اگر وہ منتخب ہوئے تو وہ 24 گھنٹوں میں یوکرین کے تنازع کو ختم کر سکتے ہیں۔ ٹرمپ جیت گئے اور واضح اکثریت حاصل کی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی عوام دنیا میں جنگ ختم کرنے کے بیانیہ کی حمایت کرتی ہے۔