سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر پابندی عائد کردی

ٹرانسفارمر کی مرمت کے بدلے میں صارفین سے رقم کی وصولی پر بھی پابندی عائد کردی گئی 
 چند افراد کیلئے علاقے بھر کے صارفین کی بجلی بند کرنے کا کون سا جواز بنتا ہے:جسٹس امجد حسین  
سکھر(آئی این پی ) سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر پابندی عائد کردی۔عدالت نے ٹرانسفارمرز اور تاریں اتارنے پر بھی پابندی عائد کردی،اس کے علاوہ ٹرانسفارمر کی مرمت کے بدلے میں صارفین سے رقم کی وصولی پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔ فیصلے کے متن میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر علاقے بھر کی بجلی منقطع کرنا غیر قانونی ہے، ایڈووکیٹ میونسپل کارپوریشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کی فراہمی بھی معطل ہورہی ہے۔جسٹس امجد حسین نے ریمارکس دئیے کہ چند افراد کے لیے علاقے بھر کے صارفین کی بجلی کی فراہمی منقطع کرنے کا کون سا جواز بنتا ہے۔صارفین بل بھرتے ہیں پھر بھی خراب ٹرانسفارمر کی مرمت کے لیے پیسے بھرنے پڑتے ہیں۔سیپکو چیف نوٹس لے کر عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔