پنجاب حکومت نے شوگر سیکٹر ڈی ریگولیشن فریم ورک تیارکرلیا

 حکومتی مداخلت محدود کرکے مارکیٹ اصلاحات اور شفافیت بڑھائی جائے گی
لاہور(زیڈ این این)پنجاب حکومت نے شوگر سیکٹر کی ڈی ریگولیشن کے حوالے سے اہم پالیسی فریم ورک تیار کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق مجوزہ پالیسی کے تحت شوگر انڈسٹری میں حکومتی مداخلت کو محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ چینی کی قیمتوں اور سپلائی چین کو بہتر بنانے کیلئے جامع اصلاحاتی اقدامات متعارف کرائے جائیں گے۔ اس کے ساتھ فری مارکیٹ مقابلے کو فروغ دینے کیلئے مؤثر حکمت عملی بھی مرتب کی جا رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کیلئے مضبوط اور مؤثر میکنزم تشکیل دینے پر غور جاری ہے تاکہ چینی کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔مجوزہ فریم ورک میں چینی کی پیداوار، سپلائی اور برآمدات کیلئے نئی حکمت عملی شامل ہے جبکہ کسانوں، صارفین اور شوگر انڈسٹری سے وابستہ تمام فریقین کے مفادات کے تحفظ کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ پالیسی کے تحت شوگر مارکیٹ کی مانیٹرنگ، شفافیت اور نگرانی کے نظام کو بھی مزید بہتر بنایا جائے گا۔