لاہور میں پنکی کے مبینہ شوہر سابق انسپکٹر رانا اکرم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم
ملزمہ کے خلاف منی لانڈرنگ، سائبر کرائمز کی تحقیقات کے لئے ایف آئی اے سے مدد طلب کر لی گئی
کراچی،لاہور(آئی این پی ‘آن لائن)کوکین کوئین انمول عرف پنکی کو منشیات اور قتل سے متعلق مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزمہ کو سخت سکیورٹی میں سینٹرل جیل کراچی میں قائم جوڈیشل کمپلیکس لایا گیا، عدالت میں درخشاں، گزری اور بغدادی تھانوں کے تفتیشی افسران بھی پیش ہوئے۔تفتیشی افسران نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمہ سے جاری تفتیش میں پیشرفت ہوئی ہے اور مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔تفتیشی افسر کے مطابق تفتیش کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، جبکہ کیس کو مکمل کرنے کیلئے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست بھی کی گئی۔بعد ازاں عدالت نے ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے کیسز کے تفتیشی افسران کو مقدمات کا چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب لاہور کی سیشن کورٹ نے انمول عرف پنکی کے مبینہ شوہر سابق ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ رانا محمد اکرم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا۔ جبکہ پنکی کے خلافمنی لانڈرنگ اور سائبر کرائمز کی تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) سے باضابطہ مدد طلب کر لی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اسد رضا نے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا ہے، جس میں کیس کی حساس نوعیت اور تکنیکی پہلوؤں کے پیش نظر معاونت کی درخواست کی گئی ہے۔خط کے متن کے مطابق تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ کے مبینہ ساتھی مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے رقوم وصول اور منتقل کرتے تھے۔ کراچی پولیس کے مطابق ملزمان پر نارکوٹکس ٹریفکنگ اور مشکوک مالیاتی لین دین میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔