انمول عرف پنکی منشیات کیس، بریت کی درخواست پر نوٹس جاری

ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر اور وکیل سرکار کو آئندہ سماعت پر جواب داخل کرنے کا حکم 
کراچی(آئی این پی ) کوکین کوئن انمول عرف پنکی کی منشیات کیس میں  عدالت نے بریت کی درخواست پر نوٹس جاری کردیا۔کراچی کی سیشن عدالت جنوبی میں منشیات کے مقدمے میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی "کوکین کوئن کی جانب سے دائر کی جانے والی بریت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ناقص تفتیش کے باعث ملزمہ کی بریت کے قوی امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔عدالت نے ملزمہ کی جانب سے دفعہ 265-K کے تحت دائر کی گئی بریت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر اور وکیل سرکار کو آئندہ سماعت پر جواب داخل کرنے کا حکم دے دیا  ۔ملزمہ کے وکیل میر ہدایت اللہ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ انمول پنکی کے خلاف مقدمے میں کوئی بھی ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اس مقدمے میں نامزد ایک اور ملزم علی خان کو پہلے ہی ناکافی شواہد کی بنا پر بری کیا جا چکا ہے، لہذا اس بنیاد پر ملزمہ انمول پنکی کو بھی مقدمے سے بری کیا جائے۔واضح رہے کہ ملزمہ انمول پنکی کے خلاف تھانہ گذری میں منشیات کا یہ مقدمہ درج ہے، جبکہ وکیل کے مطابق ملزمہ کو اس سے قبل بھی تھانہ گذری میں درج تین دیگر مقدمات میں عدالتوں کی جانب سے بری کیا جا چکا ہے۔