عید الاضحٰی پر انتظامات بے مثال ہوں، کوتاہی قبول نہیں ہوگی‘افسر فیلڈ میں رہیں(مریم نواز)

عید الاضحی کے دوران قربانی کے جانوروں کی باقیات او رآلائشیں گلی،محلے، ڈرین اور نہروں میں پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ ہوگا
 جانورصرف مقررہ  مارکیٹوں میں فروخت کئے جائیں‘ممنوعہ جماعتوں پر کھالیں اکٹھی کرنے کی پابندی یقینی ‘حساس مقامات پر سخت سکیورٹی کا حکم
 سٹینڈز اور بسوں پر کرایہ نامے آویزاں کئے جائیں ،واسا  عید ایام میں واٹر سپلائی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے:وزیراعلی  کے اعلی سطح کے اجلاس میں احکامات
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ مریم نوازشریف نے عید الاضحٰی پر افسروں کو فرنٹ لائن پر رہنے کا حکم دیا ہے- وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عید انتظامات، سکیورٹی اور صفائی کے لئے طویل اجلاس میں گائیڈ لائنز جاری کردیں-وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت عید الاضحٰی انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ اعلی سطح اجلاس میں تمام ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو ٹاسک تفویض کر دئیے گئے-اجلاس میں ڈی سی او رڈی پی اوز پر واضح کیاگیا کہ عید الاضحٰی پر انتظامات بے مثال ہوں، کوتاہی قبول نہیں ہوگی-اجلاس میں وزیراعلی مریم نوازشریف نے ہدایت کی کہ جانوروں کی باقیات اورآلائشیں گلی،محلے، ڈرین اور نہروں میں پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے-وزیراعلی مریم نوازشریف نے جانورصرف مقررہ کیٹل مارکیٹوں میں فروخت کرنے کی پابندی پر عملدرآمد کا حکم دیا اورغیر مجاز علاقوں میں مویشیوں کی خرید و فروخت پر کارروائی کی ہدایت کی-اجلاس میں کیٹل مارکیٹ اور بازاروں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور ویجیلنس آپریشن کی ہدایت کی-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کیٹل مارکیٹوں میں مویشی چوری اور ڈکیتی کے واقعات کے لئے سخت سکیورٹی انتظامات اور ممنوعہ جماعتوں پر کھالیں اکٹھی کرنے کی پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے-اجلاس میں بتایا گیا کہ کھالیں جمع کرنے کے لئے  کیمپ پر لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہوگی-حساس مقاما ت پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات اور مسلسل کومبنگ آپریشن کا حکم دیا گیا-اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی-مساجد اور اجتماعات میں لاؤڈ سپیکر کے استعمال پرپابندی کی ہدایت کی-عید گاہیں اور مساجد کو عرق گلاب سے معطر کرنے کی ہدایت کی- ریلوے کالونیز، کنٹورنمنٹ ایریا اورپرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں صفائی یقینی بنانے کاحکم دیا ہے-وزیراعلی مریم نوازشریف نے عید الاضحی آپریشن کے دوران صفائی میں پہلے نمبر پر آنے پر انعام واکرام کا اعلان کیا ہے-بس سٹینڈز اور بسوں پر کرایہ نامے آویزاں کرنے کا حکم دیا ہے-واسا ز کو عید ایام میں واٹر سپلائی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کی- ایئرپورٹ کے قریب ڈمپنگ سائیٹس ڈھانپنے کی ہدایت کی-اجلاس میں صوبہ بھر میں عارضی جھولوں پر پابندی،پارک کے جھولوں کی سکیورٹی اور سیفٹی چیک کرنے کی ہدایت اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کے سدباب کے لئے سائبر پٹرولنگ کا حکم دیاگیا-