بجٹ تیاری، آئی ایف ایم سے آج فائنل مذاکرات

عالمی مالیاتی ادارے نے صوبوں کے اخراجات کو کم کرنے کا مطالبہ کیا 
 اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)آئی ایم ایف سے آج فائنل مذاکرات ہوں گے جس میں آئندہ مالی سال 2025-26 کیلئے نئے بجٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ بجٹ فریم ورک کی منظوری سے قبل آئی ایم ایف کی تجاویز کو شامل کیا جائے گا۔ آئی ایم ایف سے معاشی بحالی کیلئے مختلف شعبوں کیلئے ٹیکس رعایتیں مانگی گئی ہیں لیکن آئی ایم ایف ٹیکس رعایت پر ڈیٹا اور حکمت عملی دیکھ کر فیصلہ کرے گا۔ آئی ایم ایف نے صوبوں کے اخراجات کو کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس پر صوبوں کے فسکل فریم ورک پر معاشی ٹیم کیساتھ بجٹ پراسس کے بعد بھی مشاورت جاری رہے گی اور صوبوں کے فسکل فریم ورک میں اخراجات کم کرنے کیلئے تجاویز تیار کی جائیں گی۔سید نوید قمر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں ممبر ان لینڈ ریونیو کا کہنا تھا بجٹ میں ایکسپورٹ فیسیلی ٹیشن سکیم کے تحت ایکسپورٹرز پر خام مال کی درآمد پر سیلز ٹیکس عائد کیا جا سکتا ہے، وزیرمنصوبہ بندی کی سربراہی میں وزیرخزانہ، وزیرتجارت تجاویز تیار کر رہے ہیں۔