لاہور میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ، رواں ماہ 23 دنوں میں 12 افراد نے جان گنوائی
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں خودکشی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ رواں ماہ کے پہلے 23 دنوں میں مختلف وجوہات کی بنا پر 12 افراد نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا ہے جن میں 11 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق مختلف علاقوں میں ہونے والی خودکشیوں میں مختلف طریقے استعمال کیے گئے، جن میں گولی مارنا، زہریلی گولیاں کھانا، پھندا ڈالنا، اور خود سوزی شامل ہیں۔ ان واقعات کی بنیادی وجوہات گھریلو تنازعات اور ذاتی نوعیت کے محرکات بتائی گئی ہیں۔
خاص واقعات میں 2 مئی کو برکی کے علاقے پیراگون سٹی میں امداد حسین نے خود کو گولی مار کر جان دی، جبکہ 13 مئی کو سابق کسٹم آفیسر عثمان نے اہلیہ کو زخمی کرنے کے بعد خودکشی کی۔ 21 مئی کو گجر پورہ چائنہ اسکیم میں زوہیب نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر لکڑی کے آرے سے شہ رگ کاٹ کر زندگی کا خاتمہ کیا۔ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ خودکشی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ تشویش کا باعث ہے اور اس سلسلے میں حکومتی و سماجی اداروں کی طرف سے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ان واقعات کو کم کیا جا سکے۔