اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اُس نے پاکستان کا پانی روکا تو یہ اعلانِ جنگ ہوگا، اور پاکستان نہ صرف جواب دے گا بلکہ چھ کے چھ دریا اپنے عوام کو دلائے گا۔
بلاول بھٹو نے بجٹ اجلاس کے دوران غیر معمولی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔ اگر بھارت نے معاہدے کو توڑا تو ہم جنگ کے لیے تیار ہیں، اور یہ جنگ ہم جیتیں گے بھی۔انہوں نے کہا کہ "بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی بات کی، پانی روکنے کی دھمکی دینا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اگر ایسا ہوا تو ہمیں جنگ لڑنا پڑے گی۔ ہماری افواج، ہماری ایئرفورس، سب تیار ہیں۔"بلاول کا کہنا تھا کہ بھارت کی یہ کوشش رہی کہ پاکستان کو دہشت گرد ریاست قرار دیا جائے اور آئی ایم ایف پیکج سے بھی محروم رکھا جائے، لیکن ہر محاذ پر بھارت کو شکست ہوئی اور پاکستان نے سفارتی، بیانیاتی اور عسکری برتری حاصل کی۔
انہوں نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا کہ "اب بھارت کے پاس دو ہی راستے ہیں، یا تو سندھ طاس معاہدے پر عمل کرے، یا نتائج کے لیے تیار رہے۔"خطاب کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے مسلسل شور شرابہ کیا، جس پر بلاول نے انہیں نظرانداز کرتے ہوئے اپنی تقریر مکمل کی۔آخر میں انہوں نے وزارت خارجہ، پاکستانی سفارت کاروں اور افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ جن کی وجہ سے پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا مقدمہ کامیابی سے پیش کیا۔