بین الاقوامی مقابلے میں دنیا کے 40 ممالک سے 923 تعلیمی اداروں کے 2,232 طلبہ نے حصہ لیا
لاہور(شکیل خٹک) سنگاپور میں منعقدہ سنگاپور انٹرنیشنل میتھ اولمپیاڈ چیلنج میں پاکستانی طلبہ نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گولڈ اور دو برانز میڈلز جیت لیے، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند ہوگیا۔بین الاقوامی مقابلے میں دنیا کے 40 ممالک سے 923 تعلیمی اداروں کے 2,232 طلبہ نے مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا۔ پاکستان کی نمائندگی 11 باصلاحیت طلبہ نے کی، جنہوں نے اپنی ذہانت اور محنت کے بل بوتے پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا۔تعلیمی حلقوں نے پاکستانی طلبہ کی اس شاندار کامیابی کو ملک کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایسے بین الاقوامی مقابلوں میں نوجوانوں کی شرکت مستقبل میں بھی پاکستان کے لیے مزید کامیابیوں کا باعث بنے گی۔