پہلی مرتبہ پرائمری سے میٹرک تک تعلیم کے ساتھ فنی مہارتوں پر مبنی کورسز متعارف کرائے جائیں گے، سال میں دو مرتبہ امتحانات لینے کی تجویز بھی شامل ہے
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزارتِ تعلیم نے ملک کے 2 کروڑ 53 لاکھ (25.3 ملین) آؤٹ آف اسکول بچوں کو تعلیمی دھارے میں لانے کے لیے غیر رسمی تعلیمی نظام (نان فارمل ایجوکیشن) میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ نئی فیڈرل نان فارمل ایجوکیشن اسٹریٹجی 2025 کے تحت پہلی مرتبہ پرائمری سے میٹرک تک تعلیم کے ساتھ فنی مہارتوں پر مبنی کورسز متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ طلبہ کے تعلیمی معیار کو جانچنے کے لیے سال میں دو مرتبہ امتحانات لینے کی تجویز بھی شامل ہے۔دستاویزات کے مطابق اس وقت ملک بھر میں 30 ہزار 543 غیر رسمی تعلیمی مراکز کام کر رہے ہیں، جہاں 34 ہزار 256 اساتذہ 12 لاکھ 38 ہزار 573 بچوں کو تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ ان مراکز میں خواتین اساتذہ کی شرح 83 سے 86 فیصد ہے، جس کے باعث طالبات کا تناسب 55 فیصد تک پہنچ گیا ہے