شاہ محمود قریشی کی قیادت سنبھالنے کی بات قبل از وقت ہے، سلمان اکرم راجہ

شاہ محمود قریشی کی قیادت سنبھالنے کی بات قبل از وقت ہے، سلمان اکرم راجہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور وکیل سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا ہے کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ شاہ محمود قریشی پارٹی کی قیادت سنبھالیں گے، کیونکہ ان پر ابھی بھی 8 سے 9 مقدمات زیر التواء ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا:"ایسا نہیں ہے کہ شاہ محمود قریشی باہر آ رہے ہیں، ابھی دیکھتے ہیں کہ فیصلہ ساز اور منصوبہ ساز کیا کرنا چاہتے ہیں۔"انہوں نے عدالتی نظام پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:"پورے نظام کو کنٹرول کر لیا گیا ہے، نظام انصاف اب انصاف نہیں دے رہا بلکہ کنٹرولڈ ہو چکا ہے۔ عوام کو بتایا جا رہا ہے کہ عدلیہ کی آزادی محدود ہو چکی ہے۔"سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ صرف پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ پوری قوم کا ہے۔ انہوں نے کہا:"زندہ قومیں ایسی صورتحال کا جواب دیتی ہیں، ہم لڑتے رہیں گے اور عدلیہ کی آزادی کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔"
شاہ محمود قریشی کیس میں پیش رفت:
واضح رہے کہ لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے شیر پاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس میں شاہ محمود قریشی سمیت 6 ملزمان کو بری کر دیا ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں رات گئے سنایا، جہاں تمام ملزمان موجود تھے۔بری ہونے والے دیگر ملزمان میں حمزہ عظیم، اعزاز رفیق، افتخار احمد، رانا تنویر اور زیاس خان شامل ہیں۔اسی کیس میں عدالت نے پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔