نئی دہلی ( آن لائن) بھارتی شہر ممبئی میں خوفناک کتے کو بچے پر چھوڑنے کے بعد مالک کے ہنسنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس پر سوشل میڈیا صارفین سخت تنقید کررہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وائرل ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک شخص نے امریکی نسل کے پٹ بْل کتے کو ایک 11 سالہ بچے پر چھوڑ دیا جس نے بچے پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا۔ بچے پر کتا چھوڑنے کے بعدکتے کا مالک مسلسل ہنستا رہا اور بچے کی کوئی مدد نہیں کی۔بچہ خوف کے مارے رکشے میں دبکا ہوا ہے جب کہ پٹ بْل اس کے قریب بیٹھا ہے اور مالک سامنے کی سیٹ پر بیٹھا تماشا دیکھ رہا ہے۔ چند لمحے بعد کتا اچانک بچے پر جھپٹ پڑتا ہے اور کئی بار کاٹتا ہے جس کے بعد بچہ بمشکل رکشے سے باہر نکل کر جان بچاتا ہے، کتا اس کے کپڑے نوچتا ہوا پیچھے بھاگتا ہے لیکن مالک تماشائی بنا رہتا ہے۔