ریچھ کتا لڑائی کی ویڈیو وائرل کرنیوالے سمیت 5شکاری گرفتار

محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس کی ننکانہ،جھنگ،اٹھارہ ہزاری اور میانوالی میں کارروائیاں
لاہور (کرائم  رپورٹر)محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس نے ریچھ کتے کی لڑائی کی ویڈیو وائرل کرنے والے کے خلاف ایف آئی آر درج کر انے سمیت جنگلی جانوروں و پرندوں کے 5غیر قانونی شکاری گرفتار کر لئے، ڈیڑھ لاکھ سے زائد جرمانہ کر دیا گیا۔ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ڈاکٹر محمد فیاض نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ننکانہ بارڈر کے مضافاتی علاقے میں مرغابی کے غیر قانونی شکاری کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے 20ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع جھنگ شاہد اکرم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جھنگ اور اٹھارہ ہزاری کے مقام سے جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکارکرنے اورشکارکی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے کی جرم میں 3شکاریوں کو 1 لاکھ 20ہزار جرمانہ عائد کیا جبکہ ایک اور کارروائی میں ایئرگن کے ساتھ غیر قانونی شکار کرنے پر ملزم کو 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کر کے کیس نمٹا دیا۔ترجمان کے مطابق ایسی ہی ایک مزید کارروائی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر میانوالی محمد عمران نے ریچھ کتے کی لڑائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے والے ایک شخص کے خلاف تھانہ صدر میانوالی میں مقدمہ درج کروا کر ملزم کو گرفتار کرنے اور مال کی برآمدگی کے لئے قانونی کارروائی شروع کر دی ۔