ملزم کی 2 بچوں، ساس ، سسر کو قتل کر کے خودکشی

 پنڈمہری میں ناصر کی فائرنگ سے ساس نسیم ،بیٹی کائنات موقع پردم توڑگئیں
سسر نثار اور بیٹا فلک ہسپتال میں زندگی ہارگئے،ملزم کی بیوی ناراض تھی :پولیس
حسن ابدال (خصوصی رپورٹ)خاوندنے گھریلوتنازع پر سسرال میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے 2بچے ،ساس اورسسرجاں بحق ہوگئے جبکہ ملزم نے واقعہ کے بعدخود کو گولی مارکرخودکشی کرلی۔بتایاگیاہے کہ تحصیل حسن ابدال کے گائوں پنڈمہری میں 36سالہ ناصر نے اپنے سسرال میں گھس کر فائرنگ کر دی،جس کے نتیجے میں 55سالہ ساس نسیم اختر اور اس کی اپنی بیٹی 2 سالہ کائنات موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ واقعے کے بعدملزم ناصر نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی، فائرنگ کے دوران سسر 60 سالہ نثار اور 6سالہ بیٹا فلک ولد ناصر شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری پرائیویٹ گاڑی کے ذریعے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا،پولیس کی جانب سے ریسکیو 1122 کو اطلاع موصول ہوئی، جس پر ریسکیو 1122 کی دو ایمبولینسز بھی فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، ہسپتال منتقل کیے جانے والے دونوں زخمی بھی زندگی کی بازی ہارگئے ، پولیس کیمطابق ملزم کی بیوی ناراض ہو کر اپنے والدین کے گھرمقیم تھی جبکہ فائرنگ کے وقت وہ گھر سے فرار ہو گئی۔