پاکستان ، چین اشتراک عمل کا ایک نیاباب رقم کررہے ہیں: احسن اقبال

سی پیک کے دوسرے مرحلے سے مینو فیکچرنگ ، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں وسیع مواقع پیدا ہوں گے، تقریب سے خطاب 
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کے احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین اشتراک عمل کا ایک نیاباب رقم کررہے ہیں جو آنے والی نسلوں کیلئے فائدہ مند ہوگا۔ چین کے جشن بہاراں کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دو بڑے منصوبوں قراقرم ہائی وے فیز ٹو اور ایم ایل ون پر کام رواں سال شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے سے مینو فیکچرنگ ، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے سی پیک کو پاک چین لازوال دوستی کی علامت قرار دیتے ہوے کہا یہ صرف دونوں قوموں کی ہی نہیں بلکہ سرحدی علاقوں کیلئے بھی پائیدار ترقی اور خوشحالی کا ایک لائحہ عمل پیش کرتی ہے۔انہوں نے سی پیک کے ویڑن کی غیر متزلزل حمایت پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں اور اسے ایک قومی فریضہ قرار دیا۔