دوحہ ،سڈنی(آئی این پی ) قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان کا ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں رہنمائو ں کے درمیان خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر گفتگو ہوئی۔قطری وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری رہنے چاہئیں، خطے میں امن واستحکام کیلئے مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں، خطے کو کشیدگی سے بچانے کیلئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔شیخ محمد بن عبدالرحمان کا مزید کہنا تھا کہ مسائل کا پرامن حل نکلنا چاہیے تا کہ خطے میں امن واستحکام قائم رہے، اختلافات کو سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس دوران تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگ کے خدشات میں اضافے کے پیشِ نظر سویڈن اور سربیا کے بعد آسٹریلیا حکومت نے بھی اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ایران کا سفر نہ کریں یا اگر وہ وہاں موجود ہیں تو فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔آسٹریلوی حکومت نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کو ترجیح دیں اور مقامی ہدایات پر عمل کریں۔ ان ہدایات میں ایران کی سکیورٹی صورتحال کو نہایت غیر مستحکم قرار دیا گیا ہے اور آسٹریلوی شہریوں، بشمول دوہری شہریت رکھنے والوں سے بھی ایران سے نکل جانے کا کہا ہے۔