واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم تارکین وطن کو رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے پر رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی نے کہا ہے کہ جو غیر قانونی تارکین وطن سال کے اختتام تک خود کو ڈی پورٹ کریں گے، انہیں مفت ہوائی ٹکٹ اور 3 ہزار ڈالر نقد دیے جائیں گے۔ سابقہ پروگرام میں یہ رقم صرف ایک ہزار ڈالر تھی، جو اب بڑھا دی گئی ہے۔محکمے نے بتایا کہ تارکین وطن CBP Home ایپ کے ذریعے رضاکارانہ واپسی کے لیے رجسٹریشن کرائیں گے تو انہیں سفری سہولت اور نقد رقم فراہم کی جائے گی۔
سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کرسٹی نوم نے خبردار کیا کہ جو افراد رضاکارانہ طور پر امریکا نہیں چھوڑیں گے، انہیں گرفتاری، جبری ملک بدری اور مستقبل میں امریکا میں داخلے پر مستقل پابندی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ان کے مطابق رواں سال جنوری سے اب تک تقریباً 19 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن خود اپنی مرضی سے امریکا چھوڑ چکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد نے CBP ہوم پروگرام کے تحت رجسٹریشن بھی کرائی ہے۔