3500 میل سے زیادہ تنہا ہائیکنگ کرنے والی خاتون

امریکا (نیٹ نیوز) 3541 میل پیدل سفر کے آغاز کے 4 دن بعد رات کی تاریکی میں ہائیکر جیسیکا گیو کو احساس ہوا کہ ایک پہاڑی شیر ان کا تعاقب کر رہا ہے۔انہوں نے پہلے شیر کی چمکتی ہوئی آنکھوں کو پانی کے اس چشمے کے قریب دیکھا جو سیکڑوں کلومیٹر تک پانی کا واحد ذریعہ تھا۔ان کے پاس چھپنے کی کوئی جگہ نہیں تھی، مگر ڈرنے کی بجائے خاتون نے شیر سے باتیں کرنا شروع کر دیں۔امریکی ریاست واشنگٹن سے تعلق رکھنے والی جیسیکا گیو 2 گھنٹوں تک مسلسل شیر سے باتیں کرتی رہیں اور آخرکار وہ شیر واپس چلا گیا۔اگلے دن وہ دوبارہ رات کو جان بوجھ کر باہر چہل قدمی کرتی رہیں تکہ خوف انہیں شکست نہ دے سکے۔اسی ہمت کے باعث جیسیکا گیو پہلی خاتون بن گئی ہیں جو امریکا میں کانٹینٹل ڈیوائیڈ ٹریل (سی ٹی ڈی)، کینیڈا میں گریٹ ڈیوائیڈ ٹریل (جی ڈی ٹی) اور میکسیکن سرحد کے قریب جھیل Kakwa میں اکیلے سفر کرنے میں کامیاب رہیں۔امریکی شہر Seattle سے تعلق رکھنے والی جیسیکا گیو کے والدین کا تعلق چین سے ہے اور وہ ہمیشہ سے باہر گھومنا پسند کرتی تھیں۔واشنگٹن سے میکسیکن سرحد تک پیدل جانے کا خیال نوجوانی میں خاموشی سے ان کے ذہن میں آیا اور تعلیم مکمل ہونے اور ملازمت کے دوران بھی موجود رہا۔جب انہوں نے اس سفر کی منصوبہ بندی شروع کی، تو اس سے قبل مختلف ممالک میں ہائیکنگ اور پیدل چلنے کا تجربہ کیا تاکہ ہائیکنگ کا تجربہ اور اسٹینما بہتر ہوسکے۔پھر ملازمت چھوڑ کر جب روزانہ 17 گھنٹے پیدل چلنے کا سفر شروع ہوا تو انہوں نے نیو میکسیکو کے صحرائے Chihuahuan سے گزر کر کولوراڈو کے برفانی چوٹیوں، وومنگ کے وسیع و عریض میدان، مونٹانا و Idaho کے ویرانوں اور کینیڈین صوبوں البرٹا اور برٹش کولمبیا کی اونچی چوٹیوں سے گزرنے کا فیصلہ کیا۔کھانا اس سفر کے لیے ان کا ایندھن ثابت ہوا اور جیسیکا گیو نے روزانہ 3500 سے زائد کیلوریز کو جزوبدن بنانے کی کوشش کی۔اس سفر کے دوران انہوں نے برف سے ڈھکے راستوں میں جدوجہد کی، جن میں کسی راستے کے آثار نہیں ملتے، ڈھلوانوں سے گزریں اور انجری کا سامنا بھی ہوا۔وومنگ کے مچھروں نے انہیں کافی تنگ کیا جبکہ ریچھوں اور دیگر جانوروں نے راستہ روکا۔سفر کے 114 ویں دن وہ کینیڈین سرحد پر اس دن پہنچیں جب ان کی 30 ویں سالگرہ تھیں۔اگلے دن انہوں نے مزید 14 کلومیٹر پیدل سفر کیا تاکہ والدین سے ملاقات کرسکیں جو انہیں گاڑی میں گھر لے جانے کے لیے آئے تھے۔ان کا کہنا ہے کہ اگر آپ خواب دیکھتے ہیں تو اس کی تعبیر کے لیے کوشش کریں، کیونکہ کوئی اور فرد آپ کے لیے ایسا نہیں کرے گا۔اب وہ کولوراڈو ٹریل کو ریکارڈ وقت میں عبور کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں اور اس بار وہ پہاڑی شیروں کے لیے بھی تیار ہیں۔