بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہونگے: سرکاری وکیل

 اچھا نہیں لگتا ہم صوبے کا حق دفاع ختم کریں:جسٹس سلطان تنویر، سماعت آج تک ملتوی
لاہور (کرائم  رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بلدیاتی ایکٹ 2025 ء کیخلاف اور بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر کرانے کیلئے دائر درخواستوں پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور الیکشن کمیشن کو آج جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ جسٹس سلطان تنویر نے پی ٹی آئی ،جماعت اسلامی سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق اور ابوذ ر سلیمان نیازی ، الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی جی لاء کمیشن خرم شہزاد پیش ہوئے ، محکمہ لوکل گورنمنٹ نے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔ سرکاری وکیل نے بیان دیا کہ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہونگے اور پارٹی ٹکٹ بھی جاری ہوسکیں گے۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اگر حکومت یہ کہہ رہی ہے تو پھر ہمارا اس حدتک کیس ختم ہوگیا۔ ڈی جی لاء الیکشن کمیشن خرم شہزاد نے بیان دیا کہ حکومت نے بلدیاتی الیکشن کے انتظامات کیلئے ہمیں 10 جنوری کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل آفس سے جواب جمع نہ کرانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اچھا نہیں لگتا ہم صوبے کا حق دفاع ختم کریں، آپ (منگل تک )جواب جمع کرائیں تاکہ کیس کا فیصلہ ہوسکے ،عدالت نے درخواستوں پر کارروائی آج تک ملتوی کردی۔