ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار، بڑے شہروں میں آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی

ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار، بڑے شہروں میں آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ فضائی آلودگی بھی تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے۔

لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس 206 تک پہنچنے کے بعد شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آگیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی خطرناک حد تک ریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں موسم سرد اور خشک ہے، کم سے کم درجہ حرارت 14 اور زیادہ سے زیادہ 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ فضائی آلودگی کے لحاظ سے کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہا، صبح درجہ حرارت 9 ڈگری جبکہ دن میں 19 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں برفباری جاری ہے۔ سوات، کالام، مالم جبہ، وادی نیلم اور چلاس کے بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سائبیرین ہواؤں کے نئے سسٹم کے باعث مزید سردی اور برفباری کی توقع ہے۔