برطانیہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی اور مستقل امن کا خواہاں ہے، کئیراسٹارمر
لندن(آئی این پی ) برطانوی وزیراعظم کیئراسٹارمر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جس میں یوکرین جنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔برطانوی وزیراعظم کے دفتر ڈائو ننگ اسٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ رابطہ فلوریڈا میں حکام کی ملاقاتوں کے بعد ہوا۔گفتگو میں یوکرین جنگ کے منصفانہ اور دیرپا خاتمے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاننگ اسٹریٹ کے مطابق دونوں رہنمائو ں نے گفتگو کے آغاز میں یوکرین جنگ کی صورتحال پر غور کیا اور ان ممالک کے اتحاد کولیشن آف دی ولنگ کے کردار پر بات چیت کی جو یوکرین کی حمایت کیلئے پرعزم ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے ٹرمپ کو کولیشن آف دی ولنگ کی جانب سے کسی بھی ممکنہ امن معاہدے کی حمایت اور لڑائی کے منصفانہ و پائیدار خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔برطانوی وزیراعظم کے مطابق یورپی اتحاد بھی یوکرین جنگ کے خاتمے کے لئے سرگرمِ عمل ہے، جبکہ برطانیہ روس اور یوکرین
کے درمیان مکمل جنگ بندی اور مستقل امن کا خواہاں ہے۔