معیشت کی بہتری میں سمندر پار پاکستانیوں کا اہم کردار ہے:چودھری شجاعت

ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پنجاب کو سرمایہ کاری کیلئے اپنی پہلی ترجیح بنایا ہے:صوبائی وزیر چودھری شافع حسین کی رانا تنویر سے ملاقات میں گفتگو
لاہورؤسپیشل رپورٹر)سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین سے چیف ایگزیکٹو ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز کینیڈا رانا محمد تنویر نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات کے دوران پنجاب میں معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر چودھری شافع حسین نے رانا محمد تنویر کی بطور ایگزیکٹو ممبر پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے یہ نوٹیفکیشن رانا محمد تنویر کو دیا اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔چودھری  شجاعت حسین نے  اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا  امید ہے  رانا محمد تنویر سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اپنی پوری صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو فروغ دے کر ہی قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جاسکتا ہے۔قومی معیشت کے فروغ میں سمندر پار پاکستانیوں کا کلیدی کردار ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول یقینی بنایا گیا ہے،ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جارہی ہی ہیں اس لئے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پنجاب کو سرمایہ کاری کیلئے اپنی پہلی ترجیح بنایا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار تیزی سے اپنے صنعتی یونٹس لگا رہے ہیں۔