9 مئی الزام میں فیض حمید کو گرفتار کیا گیا دیگر کو بھی پکڑنا چاہیے:جاوید لطیف

آج بھی کہتا ہوں عمران خان کی سہولت کاری ہورہی ہے، فیض حمید اکیلا منصوبہ ساز نہیں تھا
 اسلام آباد(آئی این پی)مسلم لیگ( ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے الزام میں اگر فیض حمید کو گرفتار کیا گیا ہے تو دیگر کو بھی پکڑنا چاہیے، آج بھی کہتا ہوں عمران خان کی سہولت کاری ہورہی ہے، عمران خان، فیض حمید اور ثاقب نثار منصوبہ ساز تھے، فیض حمید کو پکڑا گیا لیکن وہ اکیلا تو منصوبہ ساز نہیں تھا، دیگر کو بھی پکڑنا چاہیے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں ایک بات ضرور کہنا چاہتا ہوں کہ 9 مئی کے کیسز میں ورکرز کو تو سزا دی جائے لیکن اسی کیس میں قیادت کو ملٹری کورٹس میں سزا نہ ہو،تو پھر این آراو کس کو کہتے ہیں؟ منصوبہ ساز کے کہنے پر اگر کوئی واردات ڈالتا ہے تو پھر منصوبہ ساز کیسے بری ہوسکتا ہے؟ بتایا جائے کہ کیا عالمی قوتوں کا کوئی دبائو ہے؟یا پھر اندر سے آج بھی سہولت کاری ہورہی ہے جس طرح 9 مئی کو بغاوت پر اکسایا گیا ،آج بھی کہتا ہوں کہ عمران خان کی سہولت کاری ہورہی ہے، 9 مئی کے تمام ملزمان کو سزائیں ملنی چاہئیں۔