وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ تاجر اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ ملک کی ترقی میں پرائیوٹ سیکٹر کو لیڈنگ رول ادا کرنا ہے۔
وزیر خزانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور معاشی اصلاحات کے عمل کو جاری رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سرمایہ کاری کے لیے آسان ماحول پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ کاروباری طبقہ کھل کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے تقریباً 10 سے 15 فیصد لوگ ڈیجیٹل کاروبار سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور مستقبل میں ڈیجیٹل اثاثوں کے رجحان میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل سرمایہ کاری میں شفافیت کو یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ دوسرے ممالک کی نسبت پاکستان کا بینکنگ نظام زیادہ پیچیدہ ہے جس میں بہتری کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سرمایہ کاری کے لیے ریگولیشنز کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت کرپٹو مائننگ کے معاملے پر بھی غور کر رہی ہے اور اس حوالے سے ایک کرپٹو کونسل تشکیل دی گئی ہے تاکہ جامع حکمت عملی تیار کی جا سکے۔محمد اورنگزیب نے زور دیا کہ زرمبادلہ ملک کی معیشت کی لائف لائن ہے اور حکومت زرعی شعبے، آئی ٹی اور فری لانسرز کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں سرپلس انرجی موجود ہے جسے معیشت کی ترقی کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔