پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ترقی، معیشت کے استحکام کی علامت ہے: وفاقی وزیر خزانہ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ترقی، معیشت کے استحکام کی علامت ہے: وفاقی وزیر خزانہ

کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں جا رہی ہے، تاہم یہ سفر طویل ہے۔

 انہوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ترقی کو ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج نے ترقی کے کئی سنگ میل عبور کیے ہیں۔محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہوئی ہے، اور خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں میں اصلاحات پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی کارکردگی کا سہ ماہی بنیادوں پر جائزہ لیا جا رہا ہے، اور ایف بی آر میں ڈیجیٹلائزیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات کو متعارف کرانا ضروری ہے اور وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 انہوں نے پالیسی ریٹ میں کمی کو قرضوں کے بوجھ اور سود کی ادائیگی میں کمی کی ایک اہم وجہ قرار دیا۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے اداروں میں اصلاحات ضروری ہیں، اور اسٹاک مارکیٹ کا کردار معیشت کو آگے بڑھانے میں انتہائی اہم ہے۔تقریب کے دوران اسحاق ڈار نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 سال پہلے اسٹاک مارکیٹوں کے انضمام کا جو پودا لگایا گیا تھا، وہ اب ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد مختلف ممالک کی معیشتوں کو دیوالیہ ہونے کا خطرہ تھا، لیکن پاکستان نے اس مشکل دور کو کامیابی سے گزارا۔