بھارتی ہریانوی اداکارہ و انفلوئنسر دیویانکا سیروہی 30 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں

بھارتی ہریانوی اداکارہ و انفلوئنسر دیویانکا سیروہی 30 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں

بھارتی ہریانوی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر دیویانکا سیروہی کے اچانک انتقال نے مداحوں اور شوبز حلقوں کو افسردہ کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دیویانکا سیروہی غازی آباد میں رہائش پذیر تھیں اور 30 سال کی عمر میں اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد چل بسیں۔ اہلِ خانہ کے مطابق ان کی حالت اچانک بگڑی، جس پر انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے پہنچنے پر انہیں مردہ قرار دے دیا۔تاحال ان کی موت کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی اور بھارتی حکام کی جانب سے مزید طبی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دیویانکا سیروہی نے اپنے کیریئر میں 50 سے زائد ہریانوی گانوں میں کام کیا تھا اور وہ خاص طور پر گلوکار معصوم شرما کے ساتھ اپنی جوڑی کے باعث کافی مقبول ہوئیں۔

سوشل میڈیا پر بھی وہ بے حد فعال تھیں اور ان کے مختلف پلیٹ فارمز پر 1.3 ملین سے زائد فالوورز موجود تھے، جہاں وہ اپنے گانوں، پرفارمنسز اور لائف اسٹائل سے متعلق مواد شیئر کرتی تھیں۔ان کے اچانک انتقال پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔