ممبئی: بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی نوجوان اداکارہ سنچیتا اوگلے 22 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں، جس کے بعد شوبز حلقوں اور مداحوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شام ان کے آبائی گاؤں میں واقع رہائش گاہ پر پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اداکارہ اپنے کمرے میں موجود تھیں جہاں مبینہ طور پر انہوں نے ساڑھی کی مدد سے پنکھے سے لٹک کر جان دے دی۔اہلِ خانہ اور مقامی افراد نے دروازہ کھولنے کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا۔پولیس حکام کے مطابق اداکارہ کے والد کی درخواست پر پراسرار موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ واقعے کی اصل وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
سنچیتا اوگلے بھارتی ٹی وی انڈسٹری کا ابھرتا ہوا نام تھیں۔ انہوں نے Kumkum Bhagya، Wagle Ki Duniya سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اس کے علاوہ وہ Chhaava اور Silence 2: The Night Owl Bar Shootout جیسی فلموں میں بھی نظر آئی تھیں۔اداکارہ کی اچانک وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے اظہارِ افسوس کیا جا رہا ہے۔اگر آپ یا آپ کا کوئی جاننے والا خودکشی یا خود کو نقصان پہنچانے کے خیالات سے دوچار ہے تو فوری طور پر اپنے قریبی افراد، مقامی ہنگامی خدمات، یا کسی ذہنی صحت کے ماہر سے رابطہ کریں۔ مدد دستیاب ہے۔