لاہور ایئرپورٹ:جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والا مسافرگرفتار

 مسافر کی شناخت عدنان کے نام سے ہوئی ،ملائیشیا جا رہا تھا:ترجمان ایف آئی اے 
لاہور (کر ائم رپو رٹر)لاہور ایئرپورٹ پر مسافروں کی سخت اسکریننگ کے دوران فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی امیگریشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار مسافر کی شناخت عدنان کے نام سے ہوئی ہے، جو فلائٹ نمبر یو ایل-154 کے ذریعے ملائیشیا جا رہا تھا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے 5ہزار رنگٹ کے عوض ایک ایجنٹ سے اپنے پاسپورٹ پر جعلی اسٹیمپس لگوائیں تاکہ بیرون ملک سفر کیا جا سکے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو مزید تفتیش کیلئے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے نیٹ ورک اور سہولت کاروں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔