امریکی فورسز نے آبنائے ہرمز میں 31 جہازوں کا رخ موڑ دیا:سینٹکام

امریکی فورسز نے آبنائے ہرمز میں 31 جہازوں کا رخ موڑ دیا:سینٹکام

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بتایا ہے کہ امریکی فورسز نے آبنائے ہرمز میں کارروائی کرتے ہوئے 31 جہازوں کا رخ تبدیل (ری ڈائریکٹ) کر دیا ہے، جن میں زیادہ تر آئل ٹینکرز شامل ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ اقدام مبینہ امریکی ناکہ بندی کے دوران کیا گیا، جس کے نتیجے میں کچھ جہازوں کو بندرگاہوں کی جانب واپس بھیجا گیا جبکہ بعض کو سمندر میں متبادل راستوں پر جانے یا انتظار کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ سینٹکام کا کہنا ہے کہ تمام جہازوں نے امریکی فورسز کی ہدایات پر عمل کیا۔سینٹکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر جاری بیان میں کہا کہ اس آپریشن میں 10 ہزار سے زائد امریکی فوجی، 17 جنگی جہاز اور 100 سے زیادہ طیارے شریک ہیں، اور اس کا مقصد ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کو یقینی بنانا ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روز قبل جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی برقرار رہے گی۔

اس سے قبل امریکی فورسز ایک ایرانی تجارتی جہاز کو بھی نشانہ بنا کر اپنے قبضے میں لے چکی ہیں، جس کی ویڈیو بھی سینٹکام نے جاری کی تھی۔ ایران نے اس اقدام کو جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔دوسری جانب ایران نے مذاکرات کو ناکہ بندی کے خاتمے سے مشروط کر دیا ہے۔ ایرانی مؤقف کے مطابق امریکا مذاکرات کو دباؤ اور ہتھیار ڈالنے کی کوشش میں بدل رہا ہے، جبکہ دھمکیاں اور وعدوں کی خلاف ورزیاں ہی مذاکرات میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔