بھارتی میڈیا کا بغیر ثبوت پاکستان پر الزام، پرانی روش ایک بار پھر سامنے آ گئی

بھارتی میڈیا کا بغیر ثبوت پاکستان پر الزام، پرانی روش ایک بار پھر سامنے آ گئی

اسلام آباد:پہلگام میں ہونے والے حالیہ حملے کے بعد بھارتی میڈیا اور ریاستی اداروں کا پاکستان کے خلاف پرانا اور آزمودہ پروپیگنڈا ماڈل ایک بار پھر پوری شدت سے سامنے آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، حملے کے صرف 5 منٹ بعد ہی را سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دی تھی، جس کے بعد 30 منٹ میں  #PakSponsoredTerror اور #PakistanTerrorError جیسے ہیش ٹیگز سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بننے لگے۔

الزام تراشی کی پیشگی تیاری؟
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلگام حملے کے بعد صرف آدھے گھنٹے میں بی جے پی کے سرکردہ رہنما، جیسے جے پی نڈا اور امت شاہ نے پاکستان مخالف بیانات جاری کر دیے۔ یکساں ٹوئٹس اور من گھڑت کہانیوں پر مبنی سوشل میڈیا مہم سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک منصوبہ بند پروپیگنڈا تھا۔

جھوٹے شواہد اور فرضی تصویریں
دفاعی ماہرین نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پیش کی گئی "لاشوں" اور "حملے کے مناظر" پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میڈیا صرف ایک فوٹو شاپ تصویر دکھا سکا جس میں ایک عورت زمین پر بیٹھے مرد کے قریب نظر آ رہی ہے، لیکن اس تصویر میں نہ کوئی زخم نظر آ رہا ہے اور نہ ہی خون کا کوئی نشان۔ اگر واقعی 27 افراد ہلاک ہوئے تو ان کی لاشوں کو کیوں نہیں دکھایا گیا؟

فالس فلیگ آپریشنز کی تاریخ دہرائی جا رہی ہے؟
تجزیہ کاروں نے سوال اٹھایا کہ یہ حملے ہمیشہ اس وقت کیوں ہوتے ہیں جب کوئی مغربی یا امریکی رہنما بھارت کے دورے پر آتا ہے یا وہاں کوئی بڑا سیاسی واقعہ رونما ہونے والا ہوتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پہلے بھی فالس فلیگ آپریشنز کر چکا ہے اور یہ حملہ بھی اسی منصوبہ بندی کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوج کے باوجود حملہ؟
دفاعی ماہرین نے حیرت کا اظہار کیا کہ اتنی بھاری فوجی موجودگی کے باوجود اگر اتنا بڑا حملہ ہو سکتا ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ بھارت خود ناکام ریاست ہے۔ پہلگام لائن آف کنٹرول سے 400 کلومیٹر دور ہے، ایسے میں پاکستان کا اس میں ملوث ہونا ناقابل فہم ہے۔

عالمی برادری سے مطالبہ
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو بھارتی میڈیا اور حکومت کے ان بے بنیاد الزامات کا نوٹس لینا چاہیے۔ بھارت دنیا کو ایک بھی ایسا ثبوت دکھانے سے قاصر رہا ہے جس سے پاکستان کے ملوث ہونے کی تصدیق ہو۔ یہ واضح ہو چکا ہے کہ بھارت خطے میں کشیدگی بڑھانے کے لیے من گھڑت کہانیاں اور فالس فلیگ حملے استعمال کر رہا ہے۔