رانا ثنا اللہ کا ایاز لطیف پلیجو اور زین شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ

متنازع کینالز سے متعلق گفتگو ،کینالزوکارپوریٹ فارمنگ کے مسئلے پرمذاکرات کی پیشکش 
سندھ میں غصہ اور بے  چینی موجود ہے،ایازپلیجو ‘منصوبہ واپس لینے کا اعلان کریں:زین شاہ 
اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور مسلم لیگ( ن) کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو اور کنوینردریائے سندھ بچائو تحریک سید زین شاہ  سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ۔رانا ثنا اللہ نے ایاز لطیف پلیجو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آپ سے ملنا چاہتے ہیں۔۔ مختلف جماعتوں کے نمائندوں کا وفد بنائیں گے تو ان سے بھی بات چیت ہوسکتی ہے۔ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ حکومت فوری کینالز بنانے کا فیصلہ واپس لے تو مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔انہوں نے   کہا کہ سندھ اس وقت سارے فیصلے مشترکہ مشاورت کے طور پر کر رہا ہے، سیاسی جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ ہے کہ پہلے کینالز کا فیصلہ واپس لیا جائے۔وزیراعظم کے مشیررانا ثنا اللہ نے کنوینردریائے سندھ بچائو تحریک سید زین شاہ کو بھی ٹیلی فون کیا اور متنازع کینالز سے متعلق گفتگوکی۔کینالزوکارپوریٹ فارمنگ کے مسئلے پرزین شاہ کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسئلے پر وزیراعظم آپ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔سید زین شاہ نے جواب دیا کہ ہم دیگرجماعتوں، وکلا ایکشن کمیٹی بات کریں گے، آباد گاروں و اتحادیوں سے مشاورت کر کے آگاہ کریں گے۔کنوینئر دریائے سندھ بچا ئوتحریک نے کہا کہ کینالوں اور کارپوریٹ فارمنگ کا منصوبہ واپس لینے کا اعلان کریں، جب تک اعلان نہیں کیا جاتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔