ایشین گیمز کی تیاریاں: قومی کرکٹ ٹیم کا کراچی میں مشقی کیمپ شروع

24ستمبر کے فوری بعد قومی سکواڈ ایونٹ میں شرکت کے لئے روانہ ہو گا:پی سی بی 
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشین گیمز میں پیش قدمی کی غرض سے پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے چار روزہ پری ڈیپارچر ٹریننگ کیمپ کا باضابطہ آغاز کراچی میں ہو گیا ہے۔کیمپ کے افتتاحی روز حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں منعقدہ دو گھنٹے کے جامع سیشن کے دوران کھلاڑیوں نے سخت اور متحرک مشقیں کیں۔ اس موقع پر کوچنگ سٹاف بشمول مائیک ہیسن، ایشلے نوفکے اور منصور امجدنے کھلاڑیوں کی تکنیکی اور فزیکل پیشرفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور انہیں ضروری فنی رہنمائی فراہم کی۔سیشن کے پہلے مرحلے میں کھلاڑیوں کی چستی اور فیلڈنگ کی مہارت میں بہتری کے لیے خصوصی ڈرلز کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے نیٹس میں بیٹنگ اور بولنگ کی تکنیک پر کام کیا۔پی سی بی انتظامیہ کے مطابق یہ چار روزہ تربیتی کیمپ 24 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا، جس کے فوری بعد قومی سکواڈ ایونٹ میں شرکت کے لیے روانہ ہو جائے گا۔