میری لکھی گئی پہلی ٹیلی فلم نے میرے کیریئر کا رخ بدل دیا تھا‘ محمد احمد

 میری پہلی ٹیلی فلم عورت اپنے دور کے لحاظ سے انتہائی جرات مندانہ موضوع پر مبنی تھی
کراچی (شوبز ڈیسک)سینئر اداکار اور ڈرامہ نگار محمد احمد نے انکشاف کیا ہے کہ میری پہلے ٹیلی فلم کے سکرپٹ کو لکھنے سے مجھے روک دیا گیا تھا، جس نے بعد میں میرے کیریئر کا رخ بدل دیا۔اداکار و ڈرامہ نگار حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور کا ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا۔محمد احمد کے مطابق ٹیلی وژن میں آنے سے پہلے میں نے شیما کرمانی کے لیے ایک سٹیج ڈرامہ لکھا تھا، شیما کرمانی نے سکرپٹ کو سراہا اور خالد صاحب کو دکھایا، تاہم انہوں نے اسے ٹیلی وژن کے لیے ناموزوں قرار دیا، دونوں کے درمیان بحث کے بعد اسکرپٹ غضنفر علی کو بھیج دیا گیا۔اداکار نے بتایا کہ میری پہلی ٹیلی فلم عورت اپنے دور کے لحاظ سے انتہائی جرات مندانہ موضوع پر مبنی تھی، مگر مجھ پر پابندی عائد کر دی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹیلی فلم مسلسل 6 روز تک دوسرے چینل پر نشر ہوئی، اس وقت اسمبلی میں موجود افراد نے ڈرامے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ محمد احمد کے مطابق خالد صاحب نے بھی مجھ سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کر کے ڈرامہ بنوایا تھا، لیکن اس کے نتیجے میں پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔اداکار کے مطابق نشر ہونے کے بعد یہ ڈرامہ انتہائی کامیاب ثابت ہوا اور اس نے میرے کیریئر کا رخ بدل دیا۔