ٹوبہ ٹیک سنگھ کے گاؤں میں تعلیمی میدان میں پیش رفت ملک کیلئے قابلِ تقلید مثال ہے،سپیکر
لاہور(خصوصی رپورٹر)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے گورنمنٹ ہائی سکول میں منعقدہ سالانہ سپورٹس تقریب اور تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم پاکستان کا بنیادی اور سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ اگر ملک کے مسائل کی ترجیحات کا تعین کیا جائے تو تعلیم پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر آتی ہے۔ شرحِ خواندگی میں اضافے اور سو فیصد بچوں کو سکولوں میں لانے کے لیے قومی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آج ملک کو جمہوریت، ریاستی استحکام، دہشت گردی اور دیگر متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم قوم کی حقیقی خدمت تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں ہے۔ انہیں اس بات پر خوشی اور حیرت ہوئی کہ ایک دور دراز گاؤں میں تعلیمی میدان میں ایسی قابلِ ذکر پیش رفت کی گئی ہے، جہاں نہ صرف کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں بلکہ طلبہ کے امتحانی نتائج بھی تقریباً 95 فیصد ہیں۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ملک میں تقریباً ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، جبکہ اس گاؤں میں بچوں کا سکولوں میں داخلہ اور تعلیمی نتائج ایک مثبت مثال ہیں۔ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر مقامی سطح پر صاحبِ استطاعت اور صاحبِ حیثیت افراد تعلیم کی ذمہ داری اٹھائیں تو محدود وسائل کے باوجود نمایاں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے بریگیڈیئر (ر) محمد سلیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ ریاستِ پاکستان کی خدمت میں گزارنے کے بعد ریٹائرمنٹ پر اپنے گاؤں کے بچوں کی تعلیم کے لیے عملی جدوجہد کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے بڑے اور مہنگے تعلیمی اداروں کے بجائے اپنے علاقے کے مستحق بچوں کو ترجیح دی اور مقامی سطح پر تعلیمی بہتری کا مشن شروع کیا۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ ہمارے دیہات میں بے شمار صاحبِ ثروت اور صاحبِ وسائل افراد موجود ہیں جو اپنے علاقوں میں تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس منصوبے کو کمیونٹی کی شمولیت کے ساتھ ایک قابلِ تقلید ماڈل کے طور پر اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ دیگر دیہات میں بھی ایسی مثالیں قائم کی جا سکیں۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ حکومتیں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے کوششیں کر رہی ہیں اور پنجاب حکومت بھی محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں اس حوالے سے اقدامات کر رہی ہے، تاہم تعلیم کے فروغ کی ذمہ داری صرف حکومتوں پر نہیں ڈالی جا سکتی۔ جب تک معاشرہ خود تعلیم کو اپنا مشن نہیں بنائے گا، مطلوبہ نتائج حاصل کرنا مشکل ہوگا۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ ہر شہری کو اپنے علاقے کی تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس گاؤں میں مقامی لوگوں نے انتظار کرنے کے بجائے خود ذمہ داری اٹھائی اور اس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ یہ ماڈل پورے پنجاب اور پاکستان میں اپنایا جا سکتا ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے سرکاری ملازمین کی پنشن اور گریجویٹی کے معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن ملازمین نے اپنی پوری زندگی ریاستِ پاکستان کی خدمت میں گزاری، ان کے مستقبل اور بڑھاپے کے تحفظ کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ پنشن اور دیگر ریٹائرمنٹ واجبات ملازمین کی زندگی بھر کی خدمات اور ان کی مالی منصوبہ بندی سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے قابلِ عمل تجاویز پر تعاون کے لیے بھی تیار ہیں۔تقریب میں رانا محمد جاوید اقبال، سابق رکن صوبائی اسمبلی پنجاب عبداللہ وینس، بریگیڈیئر (ر) محمد سلیم، کرنل (ر) شعیب حیات، اساتذہ کرام، طلبہ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران طلبہ کی کھیلوں کے مقابلوں میں کارکردگی کو سراہا گیا اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔