گرجا گھروں میں دعائیہ پروگرام، پولیس ہائی الرٹ

آئی جی پنجاب کے احکامات پر گرجا گھروں کے گرد اضافی سکیورٹی تعینات رہی
ڈولفن سکواڈ، ایلیٹ فورس اور پی آر یو نے گرجا گھروں کے اطراف پٹرولنگ کی
لاہور (کرائم رپورٹر) صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے موقع پر پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبے بھر میں پولیس نے سکیورٹی فرائض الرٹ ہو کر ادا کیے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات بڑھانے کے خصوصی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں اور اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں، حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کیے جائیں۔ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس نے گرجا گھروں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا۔ پولیس افسران و جوانوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ انتہائی الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشن بھی جاری رہا۔ آئی جی پنجاب نے علماء کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان پر زور دیا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔