تل ابیب میں اسرائیلی شہری بھی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے‘ایتھنز اور سپین میں بھی احتجاج
ٹورنٹو،وینکوور، مونٹریال ، تل ابیب ، ٹوکیو،غزہ، ایتھنز( آن لائن )دنیا بھر میں غزہ کے معصوم شہریوں پر اسرائیلی بمباری اور محاصرے کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ یورپ، ایشیا اور شمالی امریکا کے مختلف ممالک میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل کر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں۔کینیڈا کے بڑے شہروں ٹورنٹو، وینکوور اور مونٹریال میں ہزاروں افراد نے احتجاجی ریلیوں میں شرکت کی۔۔اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں ہزاروں شہری وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے کہا کہ یہ جنگ اسرائیل کے لیے سلامتی نہیں بلکہ اخلاقی شکست ہے۔ انہوں نے فلسطینی عوام پر بمباری کو ‘‘شرمناک اور غیر انسانی’’ قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کا مطالبہ کیا۔یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں بھی ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کے حق میں مارچ کیا۔