امریکی ریاست ورجینیا میں فٹبال میچ دیکھنے کے شوق میں مبینہ طور پر اپنی بیوی کو ٹیپ کی مدد سے کرسی سے باندھنے والے 64 سالہ شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیری وارڈ نامی شخص پر الزام ہے کہ اس نے اتوار کی رات اپنی بیوی کو گھر کے تہہ خانے میں ایک کرسی سے باندھ دیا تاکہ وہ بغیر کسی مداخلت کے فٹبال میچ دیکھ سکے۔رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ان کے شوہر نے ٹیپ کی مدد سے انہیں کرسی کے ساتھ باندھ دیا اور اسی حالت میں چھوڑ دیا۔ خاتون تقریباً 45 منٹ تک کرسی پر بندھی رہیں۔پولیس کے مطابق خاتون کے دونوں بازوؤں پر نشانات اور ٹیپ کے آثار بھی پائے گئے، جنہیں مبینہ واقعے سے متعلق شواہد کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف بھی کیا
پولیس کے مطابق ٹیری وارڈ نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو باندھنے اور تہہ خانے میں چھوڑنے کا اعتراف کیا ہے۔ اس کے خلاف اغوا اور اہلِ خانہ پر تشدد سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم کو 10 نومبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں اس کے خلاف الزامات کی سماعت ہوگی۔
کون سا فٹبال میچ دیکھ رہا تھا؟
واقعے کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ملزم کون سا فٹبال میچ دیکھنے کے لیے اتنا بے چین تھا کہ اس نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو کرسی سے باندھ دیا۔